۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
علامہ ساجد نقوی

حوزہ/ قائد ملت جعفریہ پاکستان: انبیاء کی مقدس سرزمین فلسطین سے اسکے اصل ورثاء کو بے دخل کرنے کے علاوہ ناجائز ریاست نے استعماری قوتوں کے ساتھ مل کر عورتوں، بچوں، اور بزرگ شہریوں کو تہہ تیغ کردیا،آج کس منہ سے نیا دھوکہ دینا چاہتا ہے؟

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہاہے کہ اسرائیلی ریاست جسکا وجود ناجائزہے، عالمی استعمار مسلسل اس ناجائز ریاست کی پشت پناہی کئے ہوئے ہے،صیہونیت نے انسانیت سوز مظالم کی تمام حدیں پار کردیں، اقوام متحدہ جیسے عالمی ادارے کی بھی ماننے کو تیار نہیں، اب نئے انداز میں یہ دھوکے باز ریاست بین الاقوامی دنیا باالخصوص مسلم دنیا کو دھوکہ دینا چاہتی ہے، جس نے انبیاء کی مقدس سرزمین سے اس کے اصل ورثا ء کو بے دخل کردیا اور اب ایک نئے انداز میں دنیا کو دھوکہ دینا چاہتاہے مگر وہ بین الاقوامی اعتماد کھوچکا، دنیا اس دھوکہ بازی سے خبردار رہے، اسرائیل کے حوالے سے عالمی دہرا معیار عالمی امن کیلئے سب سے بڑا خطرہ بنتا جارہاہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسرائیلی عہدیداروں کی جانب سے بین الاقوامی ایکسپو میں ان کے بیانات پراپنے رد عمل میں کیا جس میں اسرائیلی عہدیداروں نے نئی مساجد کی تعمیر اور حلال فوڈ کیساتھ معاہدہ ابراہیمی کا تذکرہ کرتے ہوئے مسلمانوں کو اسرائیل میں مدعو کیا۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجدعلی نقوی نے کہاکہ اسرائیل کا وجود مشرق وسطیٰ میں ناجائز اور قابض و ظالم سے زیادہ کچھ نہیں، اب ایک نئے دھوکے اور عیاری کے انداز میں اس کے مصداق کہ ”نیاجال لائے پرانے شکاری“ نام نہاد معاہدہ ابراہیمی کے عنوان سے مسلم ممالک اور باالخصوص مسلم امہ کو دھوکہ دینا چاہتے ہیں کہ تل ابیب کے اطراف میں مساجد و حلال فوڈ کے انتظامات اور بیت المقدس میں نماز کی سہولیات بارے دھوکہ دینے کی کوشش کررہے ہیں اور کہتے ہیں دروازے کھول رہے ہیں مگر افسوس اس ناجائز ریاست نے پہلے انبیاء کی مقدس سرزمین پر بسنے والے اس کے حقیقی ورثا پر انہی کی زمین کو استعمار کی پشت پناہی سے تنگ کیا، انہیں شدید ذہنی و معاشرتی اور معاشی الجھنوں کا شکار کیا اور پھر ظلم کی تمام حدیں پار کرکے قبضہ کیا، مساجد سے لے کر گھروں تک مسمار کردیئے، مرد و خواتین سمیت بزرگ و بچوں تک پر بھی رحم نہ کیا،بیت المقدس سے مسلمانوں کو بے دخل کردیا اور آج مظلوموں کے خون پر کھڑے ہوکر پھر ”پارسائی“ کے دعوے؟

یہ کھلا دھوکہ ہے بین الاقوامی دنیا اور سنجیدہ فکر حلقے کبھی بھی اس دھوکہ بازی میں نہیں آئینگے، اسرائیل بین الاقوامی سطح پر اعتماد کھوچکا مگر نئے انداز میں دھوکہ دینا چاہتاہے جسے تمام باضمیر انسان نہ صرف ناکام بنائینگے بلکہ اسے آنے والے وقت میں مزید بے نقاب بھی کرینگے، اس موقع پر انہوں نے اسرائیل کے حوالے سے بین الاقوامی دہرے معیار پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ عالمی طاقتوں کا دہرا معیار عالمی امن کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .